Pages

Subscribe:

Sunday, April 1, 2012

کچھ دن ہوتے ہیں خاص


کچھ دن ہوتے ہیں خاص


 

کچھ دن ہوتے ہیں خاص لیکن کچھ دن اللہ پاک کے کرم و عنایات سے خاص بن جاتے ہیں۔۔ جیسے آج کا دن میرے لیے۔۔
لیکن آج تو یکم اپریل ہے۔۔ کہیں آپ یہ تو نہیں سمجھ رہے کہ میں نے کسی کو زبردست قسم کا فُول بنا کر اپنا دن خاص بنایا ہے؟ یا پھر کسی نے خدانخواستہ مجھے۔۔ نہیں نہیں ایسا بالکل نہیں۔۔ بلکہ آج کا دن خاص ہونے کی وجہ کچھ اور ہی ہے۔۔

آج مجھے سعودیہ عرب کے خُشک مزاج شہر ریاض میں آئے ہوئے چھ ماہ پندرہ دن ہو گئے ہیں۔۔ چھ ماہ پندرہ دن۔۔ ایک بھرے ، ہنستے کھیلتے گھر سے اُٹھ کر ایک اجنبی انجان جگہ بالکل تن تنہا، پیا کے دوار یہاں آ گئی۔۔
یہاں کی زندگی اور حالات پر تو لکھوں تو یہ بلاگ کم اور دُکھی داستان زیادہ بن جائے گی اس لیے مختصراً عرض کرتی چلوں گی کہ یہاں پر خواتین کی زندگی کافی محدود ہے اور یہ حدود مزید تنگ ہو جاتی ہیں اگر آپ کے پاس اپنی ذاتی کنوینس وغیرہ نہ ہو۔۔ یہاں عورتوں کا سڑکوں پر پیدل چلنا معیوب سمجھا جاتا ہے۔۔ غرضیکہ پہلے عورت سر سے پیر تک بُرقع میں ڈھکی ہو، پھر کسی گاڑی میں قید ہو کر نکلے تو نکلے۔۔ کُھلی ہوا میں آزادی سے سانس لینا ممنوع ہے۔۔۔

اسی ممانعت کے باعث میں نے یہ چھ ماہ پندرہ دن کا عرصہ اپنے فلیٹ میں ایک قیدی کی طرح کاٹا۔۔ شوہروں کا کیا ہے، دن بھر کام کاج کر کے تھکے ہارے آںے کے بعد یوں بھی ان کا دل گھومنے پھرنے کے لیے کہاں مچلتا ہو گا؟ ان کو کب محسوس ہوتا ہو گا کہ جانے کتنے ہی دن بیت گئے سورج کی شعاعوں کے لمس کو محسوس کیے ہوئے؟ لیکن میرے احساسات ان کھڑکیوں کے آگے نصب ہوئی ہوئیں آہنی سلاخوں کے پیچھے رہ کر بھی نہ جکڑے گئے۔۔۔
اس تمام عرصے بہت کوشش کی کہ لائسنس بن جائے تو گاڑی لے لیں۔۔۔ تبھی تازہ ہوا کے جھونکوں کو اپنے چہرے پر محسوس کرنے کی خواہش پوری ہو سکے گی، لیکن افسوس جس راہ کا انتخاب کیا وہ غلط تھا۔۔ غلط راہ پر چل کر کام بن جانے کی دعائیں بھی مانگیں لیکن ۔ ۔ ۔ 

پھر دیر آید درست آید۔۔ آخر جناب کو خیال آ ہی گیا کہ شارٹ کٹ واقعی ایک سراب کی طرح ہوتا ہے، جو نظر تو آتا ہے، قریب بھی لگتا ہے۔۔ لیکن اس کی اصلیت کچھ نہیں ہوتی۔۔ وہ منزل سے مزید بھٹکا دیتا ہے۔۔ درست راہ کا تعین کر لینا ہی اپنے آپ میں ایک بہت بڑا اطمینان ہوتا ہے، پھر مزید اس پر چلنے سے تشنگی بھی دور ہوتی جاتی ہے۔۔ ہم بھی پچھلے ایک ماہ سے اس درست راہ پر چل رہے تھے۔۔ راہ کٹھن تھی، لیکن منزل واضح اور اُمید روشن۔۔

آج صُبح سے ہی آسمان بادلوں سے ڈھکا ہوا تھا،، دھیمی ہوا کے جھونکے کھڑکی سے سرایت کرتے اندر آ کر دل میں ایک خوشگواریت کا احساس پیدا کر رہے تھے۔۔ دل کو امید تو تھی ہی، لیکن جیسے قدرت اس امید کو قبل از وقت ہی کسی نوید کی سدا سنا رہی تھی۔۔ میں نے اپنے احساسات پر قابو پانے کی بہت کوشش کی کہ یہ دل کی خوشگمانی بھی تو ہو سکتی ہے۔۔ دعائیں بھی جاری تھیں لیکن ذہن کو کسی دوسری خبر کے لیے تیار کرنے کی ناکام کوشش کرنا بھی نہیں بھول رہی تھی۔۔۔ صبح پانچ سے لے کر دس بجے تک۔۔۔ ہاں نہ۔۔ اُمید اور گُمان کی کیفیت میں ڈوبا وہ وقت کسی طویل تھکا دینے والی مسافت سے کم تو نہ تھا۔۔۔

بالآخر دس بجے موبائل کی گھنٹی نے دل کی دھڑکنیں بے ہنگم کر دیں۔۔ اُسی کی کال تھی جس کا انتظار صبح سے اب تک کر رہی تھی لیکن ریسیو کرنے میں دھڑکا کیسا۔۔۔؟ امید و بیم کی کیفیت میں یس کا بٹن دبا کر سلام کیا۔۔

منتظر سماعتیں
بے ترتیب دھڑکنیں
اور میری دعائیں۔۔

"مُبارک ہو۔۔ لائسنس بن گیا۔" دوسری طرف سے جیسے کسی نے زندگی کی نوید دے دی۔۔۔ دعاوٴں کو قبولیت کا شرف مل گیا۔۔۔ سر سجدے میں گر گیا۔۔۔
اور پھر۔۔
۔
۔

پھر یہاں آنکھیں بھی برسیں اور بادل بھی۔ ۔ ۔


***** 

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


10 comments:

  1. سعودیه ميں گاڑی چلانے کا لائسنس اور وه بھی
    صنف نازک کو؟
    اگر ایسا هوا هے تو بڑی هی مبارک کی بات هے
    لیکن گاڑی احتیاط سے چلائیں
    میں نے عربی لوگوں کو بڑا کم ظرف پایا هے
    لیکن باتوں میں خود کو بڑے اعلی ظرف اور کچھ اور هی چیز بن کر دیکھاتے هیں
    تے هن تسی ریاض شهر دیاں فوٹواں وی لگایا کریا جے
    اپنے بلاگ تے

    ReplyDelete
  2. اوہ۔۔ آپ کو یہ پڑھ کر ایسا لگا کہ میں نے اپنے لائسنس کی بات کی؟
    جبکہ میں تو میاں کے لائسنس کا ذکر کر رہی تھی۔۔
    اینڈ پر لکھا بھی تو کہ مجھے فُون موصول ہوا کہ بن گیا۔۔ تو وہی بنوانے گئے ہوئے تھے اپنا۔۔۔
    جی اب ان شاء اللہ ارادہ تو ضرور ہے کہ جب بھی کسی قابلِ ذکر جگہ کی سیاحت کا اتفاق ہوا کرے گا تو اس پر کچھ نہ کچھ لکھا بھی کروں گی۔۔

    بلاگ پر خوش آمدید اور کمنٹ کا شکریہ

    ReplyDelete
  3. مبروک ۔۔ :)

    ReplyDelete
  4. بہت شکریہ دن رات جی۔۔۔ بلاگ پر خوش آمدید

    ReplyDelete
  5. بہت مبارک ہو مہوش سس،
    ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا بھی بڑی کام کی اور خوشی کی بات ہے۔ یہ خواہش تو میری بھی ہے کہ آپ ریاض شہر کے فوٹو ہمیں دکھائیں اور کچھ اس بارے لکھیں بھی۔

    ReplyDelete
  6. بہت شکریہ کائنات جی۔۔
    ان شاء اللہ ایسا بھی ضرور کروں گی۔۔ انتظار ہے تو بس یہ کہ کسی ایسی جگہ جانا ہو جس کے بارے میں مجھے لکھ کر اور قارئین کو پڑھ کر اچھا لگے۔۔
    بلاگ پر خوش آمدید اور تبصرے کے لیے شکریہ۔۔

    ReplyDelete
  7. ہاہاہا ۔۔۔ بہت خوب ۔۔۔یعنی کے لائنس نا ہوا جوائے شیر ہو گیا ۔۔۔۔ خیر آپ کے فرہاد نے یہ بھی کھود نکالا اپنی شیریں کیلئے۔۔۔۔۔ میری طرف سے شاباشی اور مبارک باد پیش کر دیجئے گا

    اور ہاں بلاگ کی آؤٹ لک بہت نرم اور خوشگوار سا احساس دے رہا ہے ۔

    ReplyDelete
  8. بلاگ پر خوش آمدید اور پسندیدگی کا شکریہ۔۔

    اور ہاں نا بڑا کھپایا اس لائسنس نے۔۔ اور آپ نے جو جوئے شیر لانے والی بات کہی۔۔ تو مجھے یاد آیا میرے ہسبینڈ نے اپنا فیس بُک اسٹیٹس پر لگایا نا جب لائسنس بن گیا تو ان کے ایک ایکس کولیگ جو کسی اور گلف کنٹری میں انہوں نے پتہ کیا کمنٹ کیا؟ یہاں کاپی کر رہی ہوں خود ہی دیکھ کر فیصلہ کر لیں۔۔ ہاہاہا

    janab mubarik ho shear k moun sy newala cheenan wali baat h gulf mn license lena

    ReplyDelete
  9. بہت بہت مبارک ھو ۔۔۔۔ آپ نے ھمارے ساتھ شئیر کیا بہت اچھا لگا خدا آپکے دل کی تمام مرادیں پوری کرے۔۔۔آمین

    ReplyDelete
  10. سلام۔ بہت خوشی کی بات ھے۔ میری طرف سے بہت بہت مبارک ہو۔

    قیصر UAE

    ReplyDelete